فیصل آباد: 14 نومبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع) تھانہ نشاط آباد پولیس نے مویشی چوری کی وارداتوں میں ملوث گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 4 لاکھ روپے مالیت کے چوری شدہ مویشی برآمد کر لیے ہیں۔
ترجمان فیصل آباد پولیس کے مطابق ملزمان نے شہری رضیہ بی بی کے گھر کے تالے توڑ کر چار بکریاں چوری کر لی تھیں۔ واردات کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ نشاط آباد ساجد محمود نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے تین ارکان اذان الحق، افسان مسیح اور اسماعیل کو گرفتار کر لیا، جن سے 4 لاکھ روپے مالیت کے مسروقہ مویشی برآمد کر لیے گئے ہیں جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
اس حوالے سے سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد نے کہا ہے کہ شہریوں کو ان کے قیمتی مال و مویشیوں سے محروم کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔