فیصل آباد: 16 نومبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) فیصل آباد ناصر جاوید رانا کی خصوصی ہدایات پر تشکیل دیے گئے اینٹی ون ویلنگ اسکواڈز اور سادہ لباس اہلکاروں نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ون ویلنگ میں ملوث مبینہ گینگ کے سرغنہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔
ٹریفک پولیس ذرائع کے مطابق سادہ لباس میں تعینات خصوصی اہلکاروں نے دورانِ نگرانی خطرناک انداز میں ون ویلنگ کرتے ہوئے غلام محمد عرف بلا کو حراست میں لے لیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گرفتار ملزم مبینہ طور پر "بلا 46 گروپ" کی قیادت کرتا تھا اور سوشل میڈیا پر ون ویلنگ کی ویڈیوز اپ لوڈ کر کے نوجوانوں کو اس جان لیوا سرگرمی کی جانب راغب کرتا تھا۔ ملزم کے خلاف تھانہ رضا آباد میں مقدمہ نمبر 1309/26 درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
اس موقع پر سی ٹی او فیصل آباد ناصر جاوید رانا نے واضح پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ون ویلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور نوجوانوں کی قیمتی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شوق کے نام پر اپنی اور دوسروں کی زندگیاں خطرے میں نہ ڈالیں، محفوظ ڈرائیونگ اپنائیں اور ٹریفک قوانین کا احترام کریں۔