آر پی او فیصل آباد انعام الرحمن ملک کا تھانہ سٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ کا سرپرائز وزٹ: شہری کو غیر قانونی حراست میں رکھنے پر ایس ایچ او سب انسپکٹر حاکم علی معطل، شہری کو بحفاظت لواحقین کے حوالے کر دیا گیا
فیصل آباد: 13 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) فیصل آباد انعام الرحمن ملک نے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کا اہم دورہ کرتے ہوئے تھانہ سٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ کا مفاجاتی (سرپرائز) وزٹ کیا۔ دورے کے دوران آر پی او نے تھانے میں قائم فرنٹ ڈیسک، ریکارڈ روم، محرر آفس اور مالخانہ سمیت مختلف شعبہ جات کی چیکنگ کی اور صفائی ستھرائی و مجموعی انتظامی امور کا جائزہ لیا۔
معائنے کے دوران تھانہ سٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک شہری کو غیر قانونی حراست میں رکھے جانے کا انکشاف ہونے پر آر پی او انعام الرحمن ملک نے سخت ترین نوٹس لیا۔ انہوں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے اور شہری کو غیر قانونی طور پر محبوس رکھنے پر ایس ایچ او تھانہ سٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ سب انسپکٹر حاکم علی کو فوری طور پر عہدے سے معطل کر دیا۔ آر پی او فیصل آباد کے احکامات پر زیرِ حراست شہری کو فوری طور پر بحفاظت اس کے لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔
اس موقع پر اپنے سخت احکامات جاری کرتے ہوئے آر پی او انعام الرحمن ملک نے کہا کہ قانون سے بالاتر کوئی شخص یا افسر نہیں ہے، اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی حراست جیسے جابرانہ اقدام کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام افسران کو تنبیہ کی کہ پولیس افسران عوامی خدمت اور انصاف کی بلا تخصیص فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائیں، فرائض میں غفلت اور کوتاہی برتنے والوں کے خلاف سخت ترین محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کو عزت و احترام کے ساتھ بہترین ماحول اور سہولیات فراہم کی جائیں۔