Post Main Ad Panel
Read in English صنعتکاروں اور تاجروں کے تحفظ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے: آر پی او

صنعتکاروں اور تاجروں کے تحفظ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے: آر پی او

1 ویوز

فیصل آباد: 14 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع): ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) فیصل آباد انعام الرحمن ملک نے بزنس کمیونٹی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ صنعتکاروں اور تاجروں کے سیکیورٹی تحفظات دور کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر موثر و عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

یہ بات انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر کہی، جہاں آمد پر چیمبر آف کامرس کے صدر عارف احسان ملک، نائب صدر محمد یاسین، سابق صدور اور ایگزیکٹو ممبران نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔

ملاقات کے دوران چیمبر کے صدر نے آر پی او انعام الرحمن ملک کو ادارے کی جاری سرگرمیوں، صنعتی و تجارتی شعبے کی پیش رفت اور تاجر برادری کو درپیش مختلف درپیش مسائل سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے سیکیورٹی امور اور ان مسائل کے حل کے لیے پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مکمل تعاون اور باہمی رابطہ کاری کی یقین دہانی کروائی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او فیصل آباد انعام الرحمن ملک نے کہا کہ تجارتی اور کاروباری طبقے کو پرامن، محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنا فیصل آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کرائم کی روک تھام اور تاجروں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تجارتی مراکز، شوپنگ مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں پولیس گشت  کو مزید موثر اور تیز بنایا جائے گا۔

آر پی او نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی حفاظت پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے امن و امان کے قیام، سماجی استحکام اور فلاحی سرگرمیوں میں صنعتکاروں کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔

بعد ازاں، آر پی او فیصل آباد نے چیمبر آف کامرس کے اندر قائم پولیس خدمت مرکز کا دورہ کیا اور وہاں شہریوں اور تاجروں کو فراہم کی جانے والی مختلف ڈیجیٹل و انتظامی سہولیات کا معائنہ کیا۔ دورے کے اختتام پر صدر چیمبر عارف احسان ملک نے آر پی او کو یادگاری شیلڈ پیش کی، جبکہ آر پی او نے چیمبر کی مہمانوں کی کتاب (Visitors' Book) میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔

Post Bottom Ad Panel