این سی سی آئی اے کی بڑی کارروائی، پٹرول پمپس پر 39 کروڑ روپے سے زائد کا ڈیجیٹل فراڈ بے نقاب، 14 ملزمان گرفتار
لاہور، 28 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع): نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور نے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر کی زیر نگرانی پٹرول پمپس پر ڈیجیٹل فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 39 کروڑ روپے سے زائد کی مبینہ خوردبرد بے نقاب کر دی اور 14 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 4 پٹرول پمپس پر چھاپے مارے اور 14 ملزمان کو حراست میں لے لیا، جبکہ چھاپوں کے دوران 10 غیر قانونی ڈیجیٹل فیول کنٹرول کٹس اور 14 موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان پٹرول ڈسپنسر مشینوں میں غیر قانونی ڈیجیٹل کٹس نصب کر کے الیکٹرانک سگنلز اور مشینوں کی پروگرامنگ میں ردوبدل کرتے تھے، جس کے ذریعے صارفین کو ظاہر کردہ مقدار کے مقابلے میں کم پٹرول فراہم کیا جاتا تھا۔ کارروائی کے دوران ان کٹس کو تیار اور نصب کرنے میں ملوث مرکزی ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
گرفتار ملزمان کے خلاف 3 علیحدہ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ فراڈ میں ملوث پٹرول پمپس کے لائسنس معطل کرنے کے لیے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو باقاعدہ خطوط ارسال کر دیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔