Post Main Ad Panel
Read in English نصیرالدین شاہ طلبا پر پولیس تشدد پر آبدیدہ، مودی حکومت پر شدید تنقید

نصیرالدین شاہ طلبا پر پولیس تشدد پر آبدیدہ، مودی حکومت پر شدید تنقید

34 ویوز

(ڈیجیٹل اطلاع) بالی وڈ کے سینئر اداکار نصیر الدین شاہ نے نئی دہلی میں پولیس کی جانب سے طالب علموں پر ہونے والے لاٹھی چارج پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
بھارت میں نیٹ پیپر لیک کے خلاف شروع ہونے والا طلبہ کا احتجاج اور ’چلو پارلیمنٹ‘ مارچ اب ایک وسیع تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے، 20 جولائی کو دھرنے کے دوران مظاہرین پر پولیس کے لاٹھی چارج اور تشدد کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔
اس احتجاج میں اداکارہ شبانہ اعظمی، کنیکا سدانند اور پرکاش راج کے بعد اب مایہ ناز بھارتی اداکار نصیرالدین شاہ بھی طلبہ کی حمایت میں میدان میں آ گئے ہیں۔
76 سالہ سینئر اداکار نصیرالدین شاہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک جذباتی ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں وہ طلبہ پر ہونے والے تشدد پر گفتگو کرتے ہوئے شدید غصے میں نظر آئے اور آبدیدہ ہو گئے۔ انہوں نے مودی حکومت پر مظاہرین کے خلاف کارروائی کرنے والوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
ویڈیو پیغام میں نصیرالدین شاہ نے کہا اگر ایک جاہل شخص اس ملک کی رہنمائی کرے گا تو وہ یہی چاہے گا کہ پورا ملک بھی اسی کی طرح ناسمجھ، نااہل اور بے رحم بن جائے۔
انہوں نے طلبہ کے ساتھ اپنی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں سکھانے کے دوران ان بچوں سے بہت کچھ سیکھا ہے اور ان کی تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں مظاہرین کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے آبدیدہ آنکھوں سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’میرا دل بھی بھرا ہوا ہے اور میں غصے سے کھول رہا ہوں کہ ہمارے بچوں کے ساتھ ان غنڈوں کے ہاتھوں کس طرح ظلم کیا جا رہا ہے۔
تشدد کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بچوں کے بارے میں سوچیں کیونکہ ان کا انجام بھی ایک دن سامنے آئے گا۔
نصیرالدین شاہ نے مظاہرین اور نوجوانوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا ہمت نہ ہاریں، بہت سے لوگوں کی ہمدردی اور حمایت آپ کے ساتھ ہے۔ آپ اپنی لڑائی لڑتے رہیں۔ مجھے ملک کی نوجوان نسل سے ہمیشہ امید رہی ہے اور اب وہ امید مزید روشن ہو گئی ہے۔

Post Bottom Ad Panel