Post Main Ad Panel
Read in English رجانہ روڈ پر کار اور ٹریکٹر ٹرالی میں خوفناک تصادم؛ 4 بچوں اور ایک خاتون سمیت 8 افراد جاں بحق، 3 زخمی

رجانہ روڈ پر کار اور ٹریکٹر ٹرالی میں خوفناک تصادم؛ 4 بچوں اور ایک خاتون سمیت 8 افراد جاں بحق، 3 زخمی

29 ویوز

فیصل آباد، 26 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع): ٹوبہ ٹیک سنگھ میں رجانہ روڈ پر کار اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں 4 معصوم بچوں اور ایک خاتون سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 3 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ رجانہ روڈ پر تیز رفتاری کے باعث کار اور ٹریکٹر ٹرالی کے ٹکرانے سے پیش آیا، جو اس قدر شدید تھا کہ کار میں سوار 8 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 4 کمسن بچے، ایک خاتون اور 3 مرد شامل ہیں، جبکہ حادثے میں ایک خاتون اور دو بچے زخمی بھی ہوئے۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی پانچ ایمرجنسی گاڑیاں اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔

دوسری جانب واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ بھی پولیس نفری کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں و ٹریفک کی بحالی کی نگرانی کی، جبکہ پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

Post Bottom Ad Panel