گجرات: برسا کلاں میں زہریلے نوڈلز کھانے سے لڑکی کی ہلاکت کا ڈراپ سین؛ چھوٹی بہن ہی آشنا کے ساتھ مل کر بڑی بہن کی قاتل نکلی
فیصل آباد، 25 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع): گجرات کے تھانہ دولت نگر کے علاقے برسا کلاں میں زہریلے نوڈلز کھانے سے لڑکی کی ہلاکت کے واقعے کا ڈراپ سین ہو گیا ہے، جہاں پولیس تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ 21 سالہ چھوٹی بہن سلمیٰ نے اپنے آشنا نزاکت علی کے ساتھ مل کر 22 سالہ بڑی بہن ثانیہ کو زہریلی گولیاں کھلانے کے بعد گلا دبا کر قتل کیا۔
ڈی پی او گجرات فیصل شہزاد کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 17 نومبر کو اس وقت پیش آیا جب والدین علاج کی غرض سے عزیز بھٹی شہید ہسپتال گئے ہوئے تھے۔ ملزم نزاکت علی نے ملزمہ سلمیٰ کو موبائل فون لے کر دیا تھا جس پر دونوں اکثر بات چیت کرتے تھے۔ مقتولہ ثانیہ کو اپنی چھوٹی بہن اور ملزم کے ناجائز تعلقات کا علم ہو گیا تھا، جس پر راز فاش ہونے کے ڈر سے دونوں ملزمان نے اسے راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔ منصوبے کے تحت نوڈلز میں گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں ملائی گئیں، تاہم مقتولہ نے ایک چمچ کھانے کے بعد مزید کھانے سے انکار کر دیا۔ اسی دوران ملزم نزاکت علی بھی موقع پر پہنچ گیا اور دونوں نے زبردستی باقی زہریلے نوڈلز مقتولہ کو کھلا دیے، جبکہ زہر کے اثر سے قوتِ مدافعت کم ہونے پر دونوں ملزمان نے مل کر گلا دبا کر ثانیہ کی جان لے لی۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمہ سلمیٰ نے خود کو شک سے بچانے اور معاملے کو حادثہ ظاہر کرنے کے لیے خود بھی تھوڑے سے زہریلے نوڈلز کھا لیے تھے۔ ابتدائی طور پر اس واقعے کو فوڈ پوائزننگ کا رنگ دیا گیا، تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ اور باریک بینی سے کی گئی پولیس تفتیش کے ذریعے قتل کی اصل کہانی بے نقاب ہو گئی۔
ڈی پی او گجرات فیصل شہزاد نے بتایا کہ پولیس نے مقتولہ کے والد رفاقت علی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور قانون کے مطابق مزید تفتیش و کارروائی جاری ہے۔