Post Main Ad Panel
Read in English پانچ دہشت گرد ہلاک، پنجگور میں سکیورٹی فورسز کا خفیہ اطلاع پر آپریشن

پانچ دہشت گرد ہلاک، پنجگور میں سکیورٹی فورسز کا خفیہ اطلاع پر آپریشن

 

کوئٹہ: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے کلی سوران میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ متعدد دیگر کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کی گئی۔ دہشت گرد موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور مبینہ طور پر دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ سکیورٹی فورسز نے جدید ٹیکنالوجی اور ہتھیاروں کی مدد سے انہیں نشانہ بنایا۔

ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے تین گاڑیاں، دو موٹر سائیکلیں، ایک آئی ای ڈی اور کالعدم تنظیم کا جھنڈا بھی برآمد کیا۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد مبینہ طور پر ڈکیتی، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 10 اگست 2026ء کو بھی پنجگور میں ایک تیز رفتار اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم (IEDs) برآمد کرکے موقع پر تلف کیے گئے، جبکہ علاقے میں ممکنہ خطرات کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور صوبے میں پائیدار امن و سلامتی کے قیام کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

Post Bottom Ad Panel