فیصل آباد، پاکستان 28 ستمبر (ڈیجیٹل اطلاع) — فیصل آباد کے علاقے کھرڑیانوالہ جڑانوالہ روڈ پر واقع ایم کے اینڈ سنز ٹیکسٹائل ملز کے کھلے رقبے میں جمع بوائلر ایندھن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس پر ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے قابو پا لیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق آگ تقریباً ایک ایکڑ رقبے پر پھیلے لکڑی، برادے اور گنے کی باقیات کے ذخیرے میں لگی۔ آگ لگنے کی وجوہات کا تاحال تعیّن نہیں ہو سکا ہے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی 7 فائر گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور فائر فائٹنگ آپریشن شروع کیا۔ فائر فائٹرز نے ایکسکیویٹر کی مدد سے جلتے ہوئے میٹیریل کو الگ کیا اور ملز کے فائر ہائیڈرینٹ کا استعمال کرتے ہوئے آگ کا پھیلائو روکا۔
حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جبکہ موقع پر کولنگ کا عمل اور بقایا شعلوں کا خاتمہ جاری ہے۔