ایف آئی اے ساہیوال سرکل کی کارروائی؛ میپکو سٹی سب ڈویژن کا لائن مین 20 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار
فیصل آباد، 26 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع): وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) ساہیوال سرکل نے کرپشن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے میپکو سٹی سب ڈویژن ساہیوال کے لائن مین کو شہری سے 20 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد ثاقب سلطان کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے ساہیوال سرکل الطاف گوہر کی نگرانی میں کارروائی عمل میں لائی گئی، جس میں میپکو سٹی سب ڈویژن ساہیوال کے لائن مین ساجد رؤف کو حراست میں لے لیا گیا۔ ملزم نے شہری محمد شفیق سے بجلی کا میٹر دوبارہ نصب کرنے کے عوض 20 ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق شہری کی شکایت موصول ہونے پر انسپکٹر رانا محمد مستحسن خان کی سربراہی میں ایف آئی اے ٹیم نے متعلقہ مجسٹریٹ کی موجودگی میں چھاپہ مار کارروائی کی اور ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے نشان زدہ رشوت کی رقم 20 ہزار روپے، جو 5 ہزار روپے کے چار کرنسی نوٹوں پر مشتمل تھی، برآمد کر لی گئی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم ساجد رؤف کے خلاف مقدمہ نمبر 17/2026 زیر دفعہ 161 تعزیراتِ پاکستان اور دفعہ 5(2)47 پریوینشن آف کرپشن ایکٹ 1947 کے تحت درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔