ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ مقامات کی بروقت نشاندہی اور فوری تدارک کی ہدایت
فیصل آباد، 18 اگست 2026ء: ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری نے انسدادِ ڈینگی اقدامات کے تحت سرویلنس سرگرمیوں کو دوگنا کرنے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ عملے کو مزید فعال اور متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کی بروقت نشاندہی اور مؤثر تدارک یقینی بنایا جائے تاکہ رواں موسم میں ڈینگی مچھر کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
ڈائریکٹر جنرل نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند کو خصوصی ٹاسک دیتے ہوئے ہدایت کی کہ انسدادِ ڈینگی سرویلنس عملے کی کارکردگی کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کی جائے اور فرائض میں غفلت یا کوتاہی کرنے والے اہلکاروں سے بازپرس کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے صرف روایتی اقدامات کافی نہیں بلکہ مسلسل نگرانی، فوری کارروائی اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل ضروری ہے۔
ان ہدایات پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے فوری طور پر ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا، جس میں انسدادِ ڈینگی سرویلنس عملے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ ٹو اسماء محسن، فوکل پرسن انسدادِ ڈینگی و اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی عثمان رامے، دیگر متعلقہ افسران اور بلڈنگ انسپکٹرز نے شرکت کی۔
قیصر عباس رند نے کہا کہ بارشوں کے موسم میں ڈینگی لاروا کی افزائش کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، اس لیے پنجاب حکومت کی انسدادِ ڈینگی ہدایات پر مؤثر عملدرآمد ضروری ہے۔ کسی بھی سطح پر غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ایف ڈی اے کمپلیکس اور تمام ذیلی دفاتر کی عمارتوں، چھتوں، لانز، پارکنگ ایریاز، گملوں، کولرز، ڈرینج پوائنٹس اور دیگر ممکنہ مقامات کی باقاعدگی سے نگرانی کی ہدایت کی۔
انہوں نے بارش کے بعد جمع ہونے والے پانی کے فوری اخراج، صفائی اور مناسب نکاسی آب کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کے لیے سازگار ماحول پیدا نہ ہو۔
نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں بھی نگرانی بڑھانے کی ہدایت
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں ڈینگی سرویلنس مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہاؤسنگ سکیموں کے منتظمین کو بھی انسدادِ ڈینگی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا پابند بنایا جائے۔
انہوں نے زیر تعمیر عمارات، خالی پلاٹس، زیر تعمیر ڈھانچوں، پانی کے ٹینکس اور دیگر ممکنہ لاروا افزائش گاہوں کی خصوصی نگرانی کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ سرویلنس ٹیمیں اپنی روزانہ کی سرگرمیوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کریں اور نشاندہی کیے گئے لاروا افزائش کے مقامات اور تدارکی کارروائیوں کی رپورٹس بروقت پیش کریں۔
قیصر عباس رند نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے متعلقہ افسران کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انسدادِ ڈینگی ایک مشترکہ ذمہ داری ہے اور تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے ہی مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں کو محض کاغذی کارروائی تک محدود رکھنے کے بجائے عملی نتائج پر توجہ مرکوز کی جائے۔
انہوں نے ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے اور شہریوں کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی و احتیاطی تدابیر سے متعلق عوامی آگاہی مہم جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔