ایف ڈی اے ون ونڈو کاؤنٹر: گزشتہ 9 ماہ کے دوران 836 درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم، ڈی جی ایف ڈی اے کا کارکردگی کا جائزہ
فیصل آباد: 7اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کے ون ونڈو کاؤنٹر کے ذریعے گزشتہ نو ماہ کے دوران مجموعی طور پر 836 درخواست گزاروں کو مختلف شعبہ جات سے متعلق ریلیف فراہم کیا گیا ہے، جبکہ 58 درخواستیں مختلف شعبوں میں زیرِ کارروائی ہیں۔ اس بات کا انکشاف ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیرِ صدارت منعقدہ ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں ون ونڈو کاؤنٹر کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ-I جنید حسن منج، ڈائریکٹرز ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن اور افنان سعید سندھو، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبداللہ نور اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ یکم جنوری سے 30 ستمبر 2026 تک ون ونڈو کاؤنٹر کے ذریعے اسٹیٹ مینجمنٹ-I سے متعلقہ 635، ٹاؤن پلاننگ-II کی 99، ٹاؤن پلاننگ-I کی 54 جبکہ کچی آبادی سے متعلقہ 48 درخواستوں پر تیز رفتار کارروائی مکمل کی گئی۔
شہریوں کو جن امور میں ریلیف فراہم کیا گیا ان میں جائیدادوں کی منتقلی، کمرشلائزیشن کی منظوری، وراثتی انتقالات، عدالتی ڈگریوں پر عملدرآمد، اونرشپ کلیئرنس سرٹیفکیٹس، ٹاؤن پلاننگ رپورٹس کا اجراء، ہاؤسنگ سکیموں سے متعلقہ امور اور مختلف نوعیت کے این او سیز شامل ہیں۔
ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شہریوں کی درخواستوں کو مقررہ مدت کے اندر نمٹانے کے عمل کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کو ایک ہی چھت تلے بہترین سہولتوں کی فراہمی ایف ڈی اے کی اولین ترجیح ہے، اور درخواست گزاروں کو دفتری تاخیر اور پیچیدگیوں سے بچانے کے لیے ون ونڈو سروس کو مزید فعال کیا جائے گا۔ انہوں نے افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ زیرِ کارروائی درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے اور شفافیت، میرٹ اور مقررہ ٹائم لائن پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔