Post Main Ad Panel
Read in English پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ دفاعی معاہدے پر فیصل آباد ایف ڈی اے کمپلیکس جگمگا اٹھا

پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ دفاعی معاہدے پر فیصل آباد ایف ڈی اے کمپلیکس جگمگا اٹھا

30 ویوز

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مضبوط ہوتے تعلقات، ایف ڈی اے کمپلیکس پرچموں کے رنگوں سے روشن

فیصل آباد(10۔اگست2026ء) پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین ہونے والے تاریخی دفاعی معاہدے پر قومی سطح پر اظہارِ مسرت اور تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان
مضبوط ہوتے ہوئے دفاعی، سفارتی اور برادرانہ تعلقات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کمپلیکس کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی پرچموں کے رنگوں کی خوبصورت اور دیدہ زیب روشنیوں سے سجایا گیاہے۔ ایف ڈی اے کمپلیکس پر تینوں ممالک کے پرچموں کے رنگوں کا حسین امتزاج اس تاریخی پیش رفت کے موقع پر قومی جذبات، باہمی دوستی، اخوت اور یکجہتی کی بھرپور عکاسی کر رہا ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا کہ ایف ڈی اے کمپلیکس کو تینوں برادر ممالک کے قومی پرچموں کے رنگوں سے روشن کرنا تاریخی دفاعی معاہدے پر خوشی اور مسرت کے اظہار کے ساتھ ساتھ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے عوام
کے درمیان موجود گہرے محبت، اعتماد اور بھائی چارے کے لازوال رشتوں کو اجاگر کرنے کی ایک خوبصورت کاوش ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا دفاعی تعاون باہمی اعتماد اور دیرینہ دوستی کا مظہر ہے اور اس سے مشترکہ مفادات کے تحفظ، علاقائی امن، استحکام اور اجتماعی
سلامتی کے فروغ کو مزید تقویت ملے گی۔ محمد آصف چوہدری نے پاکستان کی سیاسی و دفاعی قیادت کی مخلصانہ کاوشوں، فعال سفارتی حکمتِ عملی اور برادر ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدہ ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت ہے، جو تینوں ممالک کے مضبوط، دیرپا اور کثیرالجہتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب اہم قدم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات ہمیشہ برادرانہ محبت، باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی رہے ہیں، جبکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بھی گہرے تاریخی، ثقافتی، سفارتی اور دفاعی روابط موجود ہیں۔ ان دیرینہ تعلقات کو عملی تعاون کے نئے مواقع سے ہم آہنگ کرنا خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے مثبت کردار ادا کرے گا۔ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے عوام کے درمیان محبت، اخوت اور بھائی چارے کے رشتے نسل در نسل مضبوط ہوتے آئے ہیں۔ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون میں اضافہ ان دیرینہ تعلقات کی مضبوطی کا آئینہ دار ہے اور تاریخی معاہدہ باہمی تعاون کو ایک نئی اور مؤثر جہت فراہم کرے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنے برادر ممالک سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ دوستانہ، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعلقات کے فروغ کے لیے اپنا مثبت اور تعمیری کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تینوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون نہ صرف باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا بلکہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے بھی مثبت اثرات مرتب کرے گا۔

Post Bottom Ad Panel