فیصل آباد: پبلک اسکول کے طالب علم کو ’’ایک دن کا کمشنر‘‘ بننے پر ایک لاکھ روپے انعام دیا جائے گا
فیصل آباد، 21 اگست 2026: کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ڈویژن کے پبلک اسکولوں کو تعلیمی میدان میں مزید ترقی دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ’’ایک دن کا کمشنر فیصل آباد‘‘ مقابلے میں اگر کسی پبلک اسکول کا طالب علم منتخب ہوا تو وہ اپنی جیب سے اسے ایک لاکھ روپے انعام دیں گے۔
انہوں نے یہ اعلان ڈویژنل پبلک اسکول اینڈ کالج مین کیمپس میں سالانہ تقریب کے دوران میٹرک کے سالانہ امتحان 2026 میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کرتے ہوئے کیا۔
تقریب کے دوران کمشنر نے ایجوکیشن بورڈ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ڈی پی ایس سمندری کی طالبہ کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا اور اس سے دیگر طالبات میں انعامات تقسیم کروائے۔
ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا کہ ڈی پی ایس ایک عام تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ ایک تاریخ کا نام ہے اور ان اداروں کو عالمی سطح پر نمایاں کرنا ان کا مقصد ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ وقت دور نہیں جب دنیا بھر سے طلبہ پبلک اسکولوں میں داخلہ لینے آئیں گے۔
کمشنر نے کہا کہ پبلک اسکولوں کو دنیا کی معروف یونیورسٹیوں سے منسلک کیا جائے گا تاکہ یہاں کے طلبہ کو بین الاقوامی سطح پر اسکالرشپس کے مواقع حاصل ہوسکیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور مقابلے کا دور ہے، اسی لیے ’’ایک دن کا کمشنر فیصل آباد‘‘ مقابلہ شروع کیا جا رہا ہے۔ اس مقابلے میں ذہین طلبہ کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ بھی سی ایس ایس اور پی ایم ایس طرز کے امتحان سے گزریں گے۔
کمشنر نے میٹرک کے سالانہ امتحان میں بہترین نتائج حاصل کرنے والے طلبہ، اساتذہ اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔
تقریب میں پرنسپل ڈی پی ایس عالیہ چٹھہ نے سپاسنامہ پیش کیا، جبکہ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ/ڈائریکٹر اسکولز سیل آصف چوہان، مختلف اسکولوں کے پرنسپلز اور دیگر سرکاری افسران بھی موجود تھے۔