فیصل آباد، 11 اگست 2026: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق 66 فٹا بازار منصورآباد کی جدید طرز پر تزئین و آرائش اور بیوٹیفکیشن کا کام مکمل کر لیا گیا۔
کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کے ہمراہ بازار کا دورہ کیا اور مکمل کیے گئے بیوٹیفکیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر نے شہریوں اور اہلِ علاقہ سے بھی گفتگو کی اور ان کے مسائل و مطالبات سنے۔
کمشنر نے اہلِ علاقہ کی جانب سے پیش کی گئی بعض ضروریات کو پورا کرنے کے لیے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں اور مطالبات جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ شہریوں نے اس اقدام پر کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔
امین پور اور جھنگ بازاروں میں بھی کام جاری
کمشنر فیصل آباد نے امین پور بازار اور جھنگ بازار کا بھی دورہ کیا، جہاں جاری بیوٹیفکیشن، تزئین و آرائش، تعمیر و مرمت کے کاموں کا معائنہ کیا۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی اور تزئین و آرائش کے تمام کام مقررہ ٹائم فریم کے اندر مکمل کیے جائیں اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
دیگر بازاروں کی بھی تزئین و آرائش کا اعلان
ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا کہ کچہری بازار کے بعد اب امین پور بازار اور جھنگ بازار کی تزئین و بحالی کا کام جاری ہے، جبکہ آئندہ مرحلے میں فیصل آباد کے باقی ماندہ بازاروں کو بھی جدید سہولیات اور خوبصورت طرزِ تعمیر سے آراستہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے اہم بازاروں کی خوبصورتی میں اضافے کے ساتھ شہریوں کو بہتر اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔