Post Main Ad Panel
Read in English ڈائریکٹر زراعت کا جڑانوالہ موٹروے کے قریب سموگ کنٹرول سنٹرز کا دورہ، فصلوں کی باقیات جلانے کے خلاف سخت وارننگ

ڈائریکٹر زراعت کا جڑانوالہ موٹروے کے قریب سموگ کنٹرول سنٹرز کا دورہ، فصلوں کی باقیات جلانے کے خلاف سخت وارننگ

7 ویوز
فیصل آباد 4اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع)— ڈائریکٹر زراعت (توسیع) چوہدری خالد محمود نے جڑانوالہ موٹروے کے قریب قائم تین کوئیک رسپانس سنٹرز کا دورہ کیا اور سموگ پر قابو پانے کے لیے جاری سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران تینوں مراکز مکمل فعال پائے گئے جبکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے واٹر باؤزرز بھی موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر زراعت نے فیلڈ سٹاف اور سموگ کنٹرول کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کر کے فصلوں کی باقیات جلانے کے تدارک کے اقدامات کا جائزہ لیا اور کاشتکاروں کو سخت ہدایت کی کہ فصلوں کی باقیات کو ہرگز نہ جلائیں کیونکہ یہ ایک قانونی جرم ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو 15 ہزار روپے فی ایکڑ جرمانہ، مقدمہ درج ہونے اور قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ باقیات کے بہتر انتظام کے لیے بیلر مشینوں کا استعمال کریں اور انہیں زمین میں شامل کریں، کیونکہ باقیات جلانے سے زمین کی زرخیزی اور پیداوار متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسان گندم کی بوائی کے لیے سپر سیڈر کا استعمال کریں تاکہ فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے ساتھ ساتھ ماحول کو سموگ اور آلودگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔

 

Post Bottom Ad Panel