Post Main Ad Panel
Read in English ہسپتالوں کے وبائی فضلے کو تلف کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت انسینریٹرز لگانے کا فیصلہ

ہسپتالوں کے وبائی فضلے کو تلف کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت انسینریٹرز لگانے کا فیصلہ

49 ویوز

فیصل آباد، 23 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع): کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ڈویژن بھر کے سرکاری و نجی ہسپتالوں کے وبائی طبی فضلے (میڈیکل ویسٹ) کو سائنسی اور محفوظ انداز میں تلف کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کے تحت ’انسینریٹرز‘ (جلانے والی بھٹیوں) کی تنصیب کے منصوبوں پر کام شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ڈویژنل ہاسپٹل ویسٹ سپروائزری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر فیصل آباد نے ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ٹاسک سونپا کہ وہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کے ساتھ ساتھ طبی فضلے کو تلف کرنے کے قابلِ عمل ماڈلز پیش کریں، تاکہ خطرناک فضلے کی غیر قانونی ری سائیکلنگ کو روکا جا سکے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا کہ متعدی طبی فضلہ، بالخصوص پلاسٹک، نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کا باعث بن رہا ہے بلکہ اسے غیر قانونی طریقے سے دوبارہ قابلِ استعمال بنا کر انسانی صحت کے لیے شدید خطرات پیدا کیے جا رہے ہیں، جس کے منفی اثرات بچوں میں آٹزم (Autism) جیسے مسائل کے اضافے کی صورت میں بھی سامنے آ رہے ہیں۔

کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز سے موجودہ انسینریٹرز کی تعداد، امیشن کنٹرول سسٹم سے ان کی منسلکی، نجی ہسپتالوں کے معاہدوں، یومیہ پیدا ہونے والے فضلے اور طبی فضلے کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ لی۔ انہوں نے واضح ہدایت کی کہ میڈیکل ویسٹ کو تلف کرنے کے بجائے اس کی غیر قانونی تجارت کرنے والے عناصر کے ٹھکانوں کو فوری طور پر سیل کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انسینریٹرز کی تنصیب کے عمل کو تیز کرنے کے لیے نجی ہسپتال ایسوسی ایشنز اور فیصل آباد کے پرائیویٹ میڈیکل کالجز کو بھی آن بورڈ لیا جائے، جبکہ تمام ڈپٹی کمشنرز آئندہ اجلاس میں اس حوالے سے عملی پیشرفت کی رپورٹ پیش کریں۔

اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن قیصر عباس، ایڈیشنل کمشنر کنسالیڈیشن افضل تارڑ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف چوہان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رشد اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی ڈاکٹر طاہر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شہزاد محمود سمیت سرکاری و نجی ہسپتالوں کی انتظامیہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

Post Bottom Ad Panel