Post Main Ad Panel
Read in English کمشنر کا ملت روڈ کے تعمیراتی کام میں تاخیر پر شدید برہمی کا اظہار، نئی ڈیڈ لائنز مقرر

کمشنر کا ملت روڈ کے تعمیراتی کام میں تاخیر پر شدید برہمی کا اظہار، نئی ڈیڈ لائنز مقرر

3 ویوز

فیصل آباد (یکم اکتوبر 2026ء) —ڈیجیٹل اطلاع:  کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے زیرِ تعمیر ملت روڈ کا دورہ کیا اور 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود تعمیراتی کام مکمل نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے ملت روڈ کی بحالی کے لیے 25 اکتوبر 2026ء تک کی آخری مہلت دی اور سب انجینئر کو دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ دفتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں تعمیراتی کاموں کی نگرانی کرتے نظر آنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی بہبود کے اقدامات کی مقررہ ٹائم لائن کے مطابق تکمیل میں کوئی عذر قابلِ قبول نہیں۔ کمشنر نے نور پور چوک سے فیملی مارٹ ملت روڈ تک کے حصے پر اضافی ورک فورس لگا کر کام مکمل کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا احساس ہے اور روڈ کا باقی ماندہ کام مکمل کرانے کے لیے دن رات کام کیا جائے۔ کمشنر نے موقع پر موجود علاقہ مکینوں اور دکانداروں کو یقین دلایا کہ ان کی مشکلات کے ازالے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے ایم ڈی واسا اور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کو ملت روڈ کے تسلسل سے دورے کرکے اپنی نگرانی میں تعمیراتی عمل شفاف انداز میں مکمل کرانے کا ہدف بھی دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ غفلت شعار اور کام چوروں کی ڈویژن میں کوئی جگہ نہیں۔

کمشنر نے موقع پر موجود اہل علاقہ کی نشاندہی پر نور پور سبز منڈی روڈ کا دورہ کیا اور 8 ماہ سے سیور پائپ بچھانے کے کام میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے سب انجینئر کو سوموار 5 اکتوبر سے کام شروع کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ وہ آئندہ جمعرات کو موقع کا دورہ کرکے پراگریس کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سے کہا کہ وہ ٹائم لائنز کی تکنیکی طور پر تصدیق کریں تاکہ تاخیر کی گنجائش نہ رہے۔ انہوں نے عوامی شکایات پر میاں پنڈ سے جھمرہ روڈ تک سڑک کی صورتحال کا معائنہ کیا اور سیور لائن کا کام 15 دسمبر اور روڈ پر اسفالٹ بچھانے کے لیے 15 جنوری 2027ء تک کی ڈیڈ لائن دی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ریلوے سے این او سی مل گیا ہے لہٰذا کاموں میں تیزی لائی جائے تاکہ میاں پنڈ، منصور آباد، بسم اللہ پارک، داتا پارک، نذر نیاز روڈ اور جھمرہ روڈ کے مکینوں کے مسائل کا ازالہ ہو سکے۔ ڈی ایم ڈی واسا نے بتایا کہ سیور لائن کا 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔

کمشنر فیصل آباد نے جی سی ویمن یونیورسٹی مدینہ ٹاؤن روڈ سے العزیز مسجد تک کا دورہ کرکے وزیراعلیٰ پنجاب پیکج کے تحت 30 انچ سیور لائن ڈالنے کے کاموں کا معائنہ کیا اور باقی ماندہ کام 30 اکتوبر تک مکمل کرنے کی سختی سے تاکید کی۔ انہوں نے جڑانوالہ روڈ سے جی سی ویمن یونیورسٹی تک روڈ کی تعمیر کے کاموں پر بریفنگ لی اور کہا کہ 22 اکتوبر کی ڈیڈ لائن میں ایک دن کی بھی تاخیر برداشت نہیں ہوگی۔ انہوں نے ڈبل شفٹ میں کام کرانے کا حکم دیا اور کہا کہ وہ روڈ کی تعمیراتی پراگریس کا روزانہ جائزہ لیں گے۔ انہوں نے جی سی ویمن یونیورسٹی سے سوساں روڈ کی لین مارکنگ میں تاخیر پر میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر کی سرزنش کی اور فی الفور لین مارکنگ کرانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی بہبود کے منصوبوں میں تاخیری حربے استعمال کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

Post Bottom Ad Panel