Post Main Ad Panel
Read in English تعلیمی بورڈ نے میٹرک جماعت نہم سالانہ 2027ء کے پرائیویٹ داخلے مکمل طور پر آن لائن کر دیے

تعلیمی بورڈ نے میٹرک جماعت نہم سالانہ 2027ء کے پرائیویٹ داخلے مکمل طور پر آن لائن کر دیے

67 ویوز

فیصل آباد، 21 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع): بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی آئی ایس ای) فیصل آباد نے میٹرک جماعت نہم (اول) سالانہ امتحان 2027ء کے پرائیویٹ امیدواروں کے لیے داخلے کا تمام عمل مکمل طور پر آن لائن کر دیا ہے، جس کے تحت اب امیدواروں کو فارم کی ہارڈ کاپی بورڈ دفتر میں جمع کروانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین کی ہدایت پر متعارف کرائے گئے اس ڈیجیٹل نظام کے تحت طلبہ گھر بیٹھے آن لائن فارم پُر کرنے، ’راست‘ (RAAST) کیو آر کوڈ کے ذریعے فیس کی ادائیگی اور تصدیق شدہ فارم پورٹل پر اپ لوڈ کرنے کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

کنٹرولر امتحانات حناء چوہدری کے مطابق داخلہ کے عمل کو شفاف، آسان اور تیز رفتار بنانے کے لیے تمام مراحل کو ڈیجیٹائز کیا گیا ہے، جبکہ امیدواروں کی رہنمائی کے لیے آن لائن فارم جمع کروانے کے مکمل طریقہ کار پر مبنی ایک ویڈیو بھی جاری کر دی گئی ہے۔ بورڈ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اب کسی بھی پرائیویٹ امیدوار سے فارم کی ہارڈ کاپی دستی طور پر وصول نہیں کی جائے گی۔

چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے طلبہ کے وقت اور اخراجات کی بچت ہوگی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے ڈیجیٹل پنجاب وژن کو سراہتے ہوئے امیدواروں کو ہدایت کی کہ وہ فارم پُر کرتے وقت درست کوائف درج کریں اور مقررہ شیڈول کا خیال رکھیں۔

بورڈ کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق سنگل فیس کے ساتھ آن لائن داخلہ جمع کروانے کی آخری تاریخ 11 دسمبر 2026ء مقرر کی گئی ہے، جبکہ دو گنا فیس کے ساتھ 28 دسمبر 2026ء اور تین گنا فیس کے ساتھ 11 جنوری 2027ء تک فارم جمع کروائے جا سکیں گے۔

Post Bottom Ad Panel