فیصل آباد: 15 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع): اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ فیصل آباد نے ڈسٹرکٹ پولیس آفس جھنگ کے اکاؤنٹنٹ ذیشان احمد کو مالی بے ضابطگیوں اور سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ملزم کی گرفتاری مقدمہ نمبر 54/26 میں عمل میں لائی گئی ہے۔
اینٹی کرپشن کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملزم ذیشان احمد نے مبینہ طور پر کنٹیجنٹ کلرک زاہد رضا کے ساتھ مل کر اعزازیہ کی جعلی منظوری کا بل تیار کیا اور دھوکہ دہی سے سرکاری خزانے سے 17 لاکھ 36 ہزار روپے کی خطیر رقم نکلوا کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔
اس انسدادِ بدعنوانی کی کارروائی کے تحت تھانہ اینٹی کرپشن ریجن فیصل آباد میں 14 اکتوبر 2026ء کو مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں تعزیراتِ پاکستان(پی پی سی) کی دفعات 420، 468، 471 اور انسدادِ بدعنوانی ایکٹ (پی سی اے) کی دفعہ 5(2)47 شامل کی گئی ہیں۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق یہ پیش رفت اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن فیصل آباد محمد سرفراز وڑائچ نے اپنی خصوصی ٹیم کے ہمراہ ریڈ کر کے مکمل کی۔ ملزم کے دیگر سہولت کاروں اور معاونین کے خلاف قانونی کارروائی اور مزید تفتیش جاری ہے۔