Post Main Ad Panel
Read in English 12واں فیصل آباد لٹریری فیسٹیول اختتام پذیر، ملک بھر کے نامور شعراء، ادباء اور دانشوروں کی شرکت

12واں فیصل آباد لٹریری فیسٹیول اختتام پذیر، ملک بھر کے نامور شعراء، ادباء اور دانشوروں کی شرکت

1 ویوز

فیصل آباد، 28 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع): نصرت فتح علی خان آڈیٹوریم آرٹس کونسل فیصل آباد میں منعقدہ دو روزہ 12واں فیصل آباد لٹریری فیسٹیول رنگا رنگ ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے بعد اختتام پذیر ہو گیا، جس میں ملک بھر کے نامور شعراء، ادباء، نثر نگاران اور دانشوروں نے شرکت کی۔

فیسٹیول کا افتتاح کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کیا، جبکہ افتتاحی سیشن کی صدارت زہرا نگاہ نے کی اور ڈاکٹر کشور ناہید، افتخار عارف اور نورالہدیٰ شاہ نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔ ابتدائی کلمات ڈاکٹر اصغر ندیم سید جبکہ استقبالیہ کلمات مصدق ذوالقرنین نے پیش کیے۔ افتتاحی اجلاس میں ساجدہ حیدر ونڈل نے "پاکستان کا فنون لطیفہ اور تہذیبی ورثہ" کے موضوع پر کلیدی خطبہ دیا اور حارث خلیق نے "ادب میں انسانی حقوق کی بازیافت" پر اظہارِ خیال کیا، جبکہ سارہ حیات نے کلماتِ تشکر ادا کیے اور شیبا عالم نے میزبانی کے فرائض انجام دیے۔

فیسٹیول کے پہلے روز چار جبکہ دوسرے روز دس مختلف سیشنز منعقد ہوئے، جن میں پاکستان میں ہائر ایجوکیشن کی صورتحال، "یادوں کے دریچے سے"، "نام نہیں رکھا ابھی" اور مشاعرے سمیت دیگر علمی نشستیں شامل تھیں، جبکہ اختتامی سیشن میں ملکہ ترنم نورجہاں کی لازوال فنی خدمات کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا کہ فیسٹیول کا تسلسل اس بات کا ثبوت ہے کہ لائلپور ادبی تاریخ کا امین اور زرخیز خطہ ہے جو بڑے شہروں کے ادبی منظرنامے میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہلِ قلم معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہیں جو اپنی تخلیقی تحریروں کے ذریعے مثبت رویوں کے فروغ اور معاشرتی رہنمائی کا فریضہ انجام دیتے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے نامور ادیبوں اور شعراء کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادبی اجتماعات نئی نسل میں مطالعے کے شوق، تخلیقی سوچ اور شہر کی ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

Post Bottom Ad Panel