بلوچستان پھر لہو لہو، ماشکیل میں 5 پنجابیوں کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا
جنگ کی خبریں

بلوچستان پھر لہو لہو، ماشکیل میں 5 پنجابیوں کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا

calendar_month 12 July 2026 visibility 7

(ڈیجیٹل اطلاع) واشک کے علاقے ماشکیل میں دہشتگردوں نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے، دہشتگردوں نے دکانوں پر کام کرنے والے مزدوروں پر فائرنگ کی۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ مقتولین کی لاشیں آبائی علاقوں کو روانہ کی جا رہی ہیں، فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے، واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے اپنے بیان میں کہا کہ ماشکیل میں فائرنگ سے 5 افراد کے جاں بحق ہونے کا واقعہ قابل مذمت ہے، حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
شاہد رند نے کہا کہ معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کر دی، متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں امن و امان خراب کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ریاست شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گی۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں اس طرح کے واقعے ماضی قریب میں بھی رونما ہوتے رہے ہیں۔