پاک فوج، ایف سی اور بلوچستان پولیس کا ’آپریشن شعبان‘، مزید 13 خوارج مارے گئے
(ڈیجیٹل اطلاع) پاک فوج، ایف سی اور بلوچستان پولیس کے آپریشن شعبان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 خوارج مارے گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن شعبان میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 39 ہوگئی ہے، فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے 26 خوارج کو 6 اور 7 جولائی کو پہلے جہم واصل کیا جاچکا ہے۔ آپریشن شعبان کے دوران دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ زمین اور ہوائی ایکشنز کے ذریعے فتنہ الخوارج کے خلاف متعدد کارروائیاں جاری ہیں، آپریشن شعبان کے علاوہ آج صبح خضدار زیدی میں دہشت گردوں کا پولیس اسٹیشن پر حملہ پسپا کیا گیا ہے۔ فوج ایف سی کے دستوں کی برق رفتار کارروائی میں 8 دہشت گردوں کے جہنم واصل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 سے 6 مزید دہشت گردوں کے ہیلی کاپٹر آپریشنز میں مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں، 5 جولائی سے آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی 75 دہشت گرد جہنم واصل ہوچکے ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے خارجیوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پوری قوم یکجان ہے، قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔