کسی کی بھی تصویر بدلنا نہایت آسان، میٹا کے فیچر نے سب کو چونکا دیا
ٹیکنالوجی

کسی کی بھی تصویر بدلنا نہایت آسان، میٹا کے فیچر نے سب کو چونکا دیا

calendar_month 10 July 2026 visibility 7

(ڈیجیٹل اطلاع) کیلیفورنیا : اب آپ کی انسٹاگرام تصویر کوئی بھی بغیر اجازت اے آئی سے بدل سکے گا، میٹا کا نیا فیچر اے آئی جنریٹر "میوز امیج” متعارف ہونے کے بعد تنقید کی زد میں آگیا
میٹا نے اپنے مصنوعی ذہانت (اے آئی) یونٹ میٹا سپر انٹیلی جینس لیبز کے تحت نیا اے آئی امیج جنریٹر’میوز امیج‘ متعارف کرا دیا ہے، جسے فی الحال مفت طور پر میٹا اے آئی ایپ، انسٹاگرام اسٹوریز اور واٹس ایپ پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’ٹیک کرنچ‘ کے مطابق اس فیچر کے تحت اگر کسی صارف کا انسٹاگرام اکاؤنٹ پبلک ہے تو کوئی بھی شخص اس کا ’یوزر نیم‘ مصنوعی ذہانت کے لیے دیے گئے حکم (پرامپٹ) میں شامل کر کے اس کی تصاویر کی بنیاد پر نئی تصاویر تیار کر سکتا ہے۔ صرف مطلوبہ صارف کو ٹیگ کریں اور بغیر اجازت اس کی تصویر اے آئی سے تبدیل کریں، صارفین کی تصاویر بغیر اطلاع استعمال ہونے پر نئی پرائیویسی بحث چھڑگئی۔ نئے فیچر کی مدد سے صارفین صرف تحریری ہدایات دے کر مختلف انداز کی تصاویر تیار کر سکیں گے، جبکہ پہلے سے تیار کردہ "پری سیٹس” بھی دستیاب ہوں گے تاکہ نئے آئیڈیاز حاصل کیے جا سکیں۔ تاہم لانچ کے چند ہی گھنٹوں بعد یہ فیچر شدید تنازع کا شکار ہو گیا۔ سب سے زیادہ اعتراض اس سہولت پر کیا جا رہا ہے جس کے تحت اگر کسی شخص کا انسٹاگرام اکاؤنٹ پبلک ہو تو دوسرے صارفین صرف اسے ٹیگ کرکے اس کی تصاویر کو اے آئی کے ذریعے نئی تصاویر میں تبدیل کر سکتے ہیں۔
میٹا کی پالیسی کے مطابق صارفین کی انسٹاگرام تصاویر کو اے آئی فیچرز میں استعمال کیا جا سکتا ہے اور ایسی صورت میں متعلقہ صارف کو کوئی اطلاع بھی نہیں دی جائے گی۔ اگرچہ کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین سیٹنگز میں جا کر اس آپشن کو بند کر سکتے ہیں، تاہم ناقدین کے مطابق یہ فیچر ڈیفالٹ طور پر فعال (آپٹ آؤٹ) ہونے کی وجہ سے رازداری کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر متعدد صارفین نے اس فیچر کو پرائیویسی کے لیے "خطرناک” قرار دیا ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ "کسی کی واضح اجازت کے بغیر اس کی تصاویر کو اے آئی سے تبدیل کرنا پرائیویسی کے لیے بارودی سرنگ ثابت ہوسکتا ہے۔”
اس کے علاوہ میوز امیج میں اے آئی کے ذریعے تصاویر میں ترمیم، پس منظر سے غیر ضروری افراد کو حذف کرنا، تاریخی مقامات کے سامنے نئی تصاویر تیار کرنا اور کیو آر کوڈ بنانا بھی ممکن ہوگا۔
میٹا نے بتایا کہ اس ٹیکنالوجی کو اشتہارات، انٹیریئر ڈیزائن اور فیس بک مارکیٹ پلیس پر استعمال ہونے والی مصنوعات کو مختلف انداز میں دکھانے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکے گا، جبکہ انسٹاگرام اسٹوریز کے لیے نئے اے آئی فلٹرز بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ میٹا نے واضح کیا ہے کہ اگر صارف اپنے مواد کو مصنوعی ذہانت کے استعمال سے بچانا چاہتے ہیں تو انہیں انسٹاگرام کی سٹینگز میں جا کر ’شیئرنگ اور ری یوز‘ کے حصے میں موجود پوسٹس، ریلز اور اصل آڈیو کو میٹا کی مصنوعی ذہانت کے ساتھ استعمال کرنے کی اجازت دینے والے اختیارات بند کرنا ہوں گے یا پھر اپنا اکاؤنٹ نجی کرنا ہوگا۔
کمپنی کے مطابق عام استعمال کے لیے یہ سروس مفت ہوگی، تاہم مخصوص حد سے زیادہ استعمال پر سبسکرپشن درکار ہوگی۔ میٹا نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ "میوز ویڈیوز” نامی اے آئی ویڈیو جنریٹر پر بھی کام جاری ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ میٹا کا ماضی میں صارفین کے ڈیٹا سے متعلق متنازع ریکارڈ، بشمول کیمبرج اینالیٹیکا اسکینڈل اور فیشل ریکگنیشن سسٹم پر قانونی تنازعات، اس نئے فیچر پر صارفین کے تحفظات میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔