وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت رانا احسان افضل خان کی نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی اور کوئیکا کے وفد سے ملاقات
سٹی

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت رانا احسان افضل خان کی نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی اور کوئیکا کے وفد سے ملاقات

10 June 2026

فیصل آباد: وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت رانا احسان افضل خان نے نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی (این ٹی یو) فیصل آباد کے وائس چانسلر/ ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر راشد مسعود،رجسٹرار سلمان سیف اور ڈاکٹر قمر خان پراجیکٹ کوآرڈینیٹر اور کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (KOICA) کے نمائندوں پر مشتمل وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی میں جاری تعاون اور مشترکہ منصوبوں کے مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران این ٹی یو کے وفد نےرانا احسان افضل خان کوآرڈینیٹر برائے وزیراعظم کو کوئیکا کے ساتھ جاری تعاون کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا اور تعلیمی و تکنیکی شعبوں میں جاری اقدامات پر پیش رفت سے متعلق بھی بریفنگ دی۔ اس میں میٹنگ میں گفتگو کا محور کوئیکا کے تعاون سے جاری منصوبوں اور این ٹی یو کے مابین اشتراکِ عمل رہا، بالخصوص ٹیکسٹائل سیکٹر کی استعداد کار میں اضافے، تکنیکی و ٹیکنالوجیکل معاونت، اطلاقی تحقیق (Applied Research) کے فروغ اور یونیورسٹی کو درپیش زیرِ التواء مسائل کے حل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت نے تعلیم اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں بین الاقوامی شراکت داریوں کے فروغ کے لیے حکومت کے کر قسم کے تعاون کا یقین دلایا اور زیرِ التواء امور کے بروقت حل کی اہمیت پر زور دیا۔ آخر میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے، رابطہ کاری کے مؤثر نظام کو فروغ دینے اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے زیرِ التواء مسائل کے حل کے عزم کا اظہار کیا گیا۔