پاکستانی کمپنی “پاک ایوو” نے سی ڈی 70 موٹر سائیکل کے لیے ایک خاص ہائبرڈ کٹ متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے عام 70 سی سی بائیک کو پلگ اِن ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل (PHEV) میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ کٹ فی الحال لاہور میں دستیاب ہے اور اس کی تنصیب سمیت قیمت تقریباً ایک لاکھ 10 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کے مطابق موٹر سائیکل کے پچھلے پہیے میں موجود اصل پٹرول انجن کے ساتھ ایک الیکٹرک موٹر نصب کی جاتی ہے۔ اس طرح بائیک کو پٹرول انجن یا الیکٹرک موٹر، دونوں کے الیکٹرک سسٹم کے لیے لیتھیئم آئن بیٹری بائیک کی پچھلی سیٹ کے نیچے نصب کی جاتی ہے، جہاں اسے انجن کی حرارت سے بھی تحفظ ملتا ہے۔کمپنی کا دعویٰ ہے کہ مکمل چارج ہونے پر یہ بائیک تقریباً 40 کلومیٹر صرف بجلی پر چل سکتی ہے۔بائیک کو مسلسل تقریباً ڈھائی گھنٹے چلانے سے 20 کلومیٹر تک کی چارجنگ حاصل ہو جاتی ہے۔گھر کے عام بجلی کے ساکٹ سے پلگ اِن چارجنگ کے ذریعے بیٹری 4 سے 6گھنٹوں میں مکمل چارج ہو جاتی ہے۔ اس ہائبرڈ کٹ میں 0.96 کلوواٹ آور کی لیتھیئم آئن بیٹری استعمال کی گئی ہے، جس پر 4 سال یا تقریباً 2500 چارجنگ سائیکل کی وارنٹی دی جا رہی ہے۔کمپنی کے مطابق اگر بیٹری روزانہ مکمل استعمال بھی کی جائے تو یہ کم از کم 3 سے 4 سال آرام سے چل سکتی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق مکمل چارج پر تقریباً ڈیڑھ یونٹ بجلی خرچ ہوتی ہے، جس کی موجودہ قیمت تقریباً 75 روپے بنتی ہے۔الیکٹرک موڈ پر چلانے کی لاگت تقریباً 1.87 روپے فی کلومیٹر بنتی ہے۔
جبکہ عام پٹرول سی ڈی 70 تقریباً 8 روپے فی کلومیٹر خرچ کرتی ہے۔اگر کوئی شخص ماہانہ 1500 کلومیٹر سفر کرتا ہے تو کمپنی کے مطابق وہ تقریباً 9 ہزار روپے ماہانہ بچا سکتا ہے۔ پاک ایوو کے مطابق اب تک 5 موٹر سائیکلوں کو کامیابی سے ہائبرڈ میں تبدیل کیا جا چکا ہے جبکہ مزید 4 منصوبوں پر کام جاری ہے۔
نمائش میں موجود افراد کے مطابق اس ٹیکنالوجی کا آئیڈیا خاصا دلچسپ اور عملی محسوس ہوا، خاص طور پر بیٹری کی ایسی جگہ تنصیب جہاں وہ انجن کی گرمی سے محفوظ رہے۔
تاہم بائیک کے پچھلے حصے میں بیٹری فِٹ کرنے کے لیے کی گئی باڈی تبدیلیاں زیادہ نفیس دکھائی نہیں دیں اور لاکنگ سسٹم بھی عارضی نوعیت کا محسوس ہوا۔
اس کے باوجود بڑھتی ہوئی پیٹرول قیمتوں کے دور میں یہ منصوبہ کم خرچ سفری حل کے طور پر خاصی توجہ حاصل کر رہا ہے۔