(ڈیجیٹل اطلاع) صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے پر خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر چینی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات باہمی اعتماد، اسٹریٹجک تعاون اور غیر متزلزل دوستی کی روشن مثال ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ بدلتے علاقائی و عالمی حالات کے باوجود پاکستان اور چین ہمیشہ یکجہتی کے ساتھ کھڑے رہے۔ پاک چین اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری خطے میں امن، استحکام اور ترقی کا ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام پاک چین مثالی دوستی پر فخر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین نے جدت، غربت کے خاتمے اور قومی ترقی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ پاکستان چین کے گلوبل ڈویلپمنٹ، گلوبل سیکیورٹی اور گلوبل سویلائزیشن اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ چین کے عالمی اقدامات امن، پائیدار ترقی اور عالمی ہم آہنگی کے فروغ کی عکاسی کرتے ہیں۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان ’ون چائنا‘ اصول پر مضبوطی سے کاربند ہے اور چین کے بنیادی مفادات سے متعلق تمام امور پر پاکستان کی حمایت جاری رہے گی۔اپنے پیغام میں صدر زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت کو سراہتا ہے۔ گلوبل ساؤتھ کے لیے چین کی قیادت اور مغربی ایشیا میں امن کے قیام کے لیے اس کے مثبت کردار کو بھی سراہتے ہیں۔صدر زرداری نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور ترقی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ٹیکنالوجی، زراعت، گرین انرجی، سیاحت اور جدت طرازی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔صدر مملکت نے پاک چین دوستی کو مزید بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی آنے والے برسوں میں مزید مضبوط اور مستحکم ہوگی۔