صومالی قزاقوں کا اغوا شدہ جہاز پر موجود پاکستانیوں سمیت دیگر عملے کی رہائی کے لیے 30 لاکھ ڈالر کا مطالبہ: انصار برنی ٹرسٹ
جنگ کی خبریں

صومالی قزاقوں کا اغوا شدہ جہاز پر موجود پاکستانیوں سمیت دیگر عملے کی رہائی کے لیے 30 لاکھ ڈالر کا مطالبہ: انصار برنی ٹرسٹ

18 May 2026

(ڈیجیٹل اطلاع) پاکستان میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے انصار برنی ٹرسٹ کا کہنا ہے کہ رواں برس اپریل میں صومالیہ کے قریب اغوا کیے گئے آئل ٹینکر پر سوار عملے کی رہائی کے لیے بحری قزاقوں نے 30 لاکھ امریکی ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔ انصار برنی ٹرسٹ کے مطابق ان کا بحری قزاقوں سے رابطہ ہوا ہے اور وہ اغوا ہونے والے جہاز کے عملے کی رہائی کے لیے لیے کوشش کررہے ہیں۔ یاد رہے کہ 21 اپریل کو صومالیہ کے قریب بحری قزاقوں نے ’ایم ٹی آنر 25‘ نامی آئل ٹینکر کو اغوا کر لیا تھا۔ اس جہاز پر سوار 17 رکنی عملے میں 10 کا تعلق پاکستان سے ہے۔ اغوا کیے گئے پاکستانیوں کے اہلخانہ نے ڈیجیٹل اطلاع سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ابتدا میں جہاز پر خوراک کا کوئی مسئلہ نہیں تھا تاہم اب وقت کے ساتھ ساتھ خوراک کی قلت ہو رہی ہے جبکہ جہاز پر موجود 50 کے قریب قزاقوں کی جانب سے عملے کے اراکین پر ناصرف تشدد کیا گیا ہے بلکہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں انھیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔ ’ایم ٹی آنر 25‘ کی آپریٹنگ کمپنی ’وارف چارٹرنگ‘ انڈونیشیا میں رجسٹرڈ ہے۔ جہاز کا کپتان کا تعلق انڈونیشیا سے ہے جبکہ عملے میں بھی چار انڈونیشی شہری شامل ہیں۔