فیصل آباد میں 150 سے زائد ملیں بند ہو چکی ہیں، حافظ نعیم الرحمن
سیاست

فیصل آباد میں 150 سے زائد ملیں بند ہو چکی ہیں، حافظ نعیم الرحمن

11 May 2026

 

(ڈیجیٹل اطلاع) میر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کہتے ہیں عوام بے روزگاری کے عذاب میں مبتلا ہے اور لاکھوں مزدور بے روزگار ہیں، پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں لیکن مخصوص مراعات یافتہ طبقہ ملک کو لوٹ رہا ہے، ظالمانہ نظام بدلنے کے لیے عید کےبعد بڑی تحریک کا اعلان کریں گے۔

فیصل آباد میں ممبر شپ ڈرائیو کیمپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان وسائل اور معدنیات سے مالا مال ہے ، لیکن اسے حکومت میں بیٹھا مافیا کھائے جا رہا ہے، 32 سال سے آئی پی پیز مافیا عوام کا خون نچوڑ رہا ہے اور قوم ان پلانٹس کو بند رکھنے کے بھی پیسے ادا کر رہی ہے،حافظ نعیم الرحمان نے کہا پنجاب میں گندم کی قیمت صرف 3500 روپے مقرر کر کے کسانوں کو پیس کر رکھ دیا گیا ہے، سرکاری سرپرستی میں چلنے والی کمپنیاں سستی گندم خرید کر بعد میں مہنگے داموں بیچتی ہیں، جو کسان دشمنی کی انتہا ہے،پنجاب میں ایک کروڑ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور حکومت معیار بہتر کرنے کے بجائے اسکولوں کو آؤٹ سورس کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے پیسے سے مریم نواز صرف تشہیر پر توجہ دے رہی ہیں جبکہ تعلیم اور صحت کے بنیادی مراکز کا بیڑا غرق کر دیا گیا ہے۔پٹرول کی قیمتوں پر تنقید کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے سوال کیا کہ جب بھارت اور دیگر ممالک میں قیمتیں کم ہیں تو پاکستان میں پٹرول 415 روپے تک کیوں پہنچا؟ انہوں نے بتایا کہ پٹرول کی فی لٹر قیمت پر 120 روپے لیوی اور 35 روپے الگ ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے، جس کا سب سے زیادہ بوجھ ڈھائی کروڑ موٹر سائیکل سواروں پر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ ان کا ساتھ دیں کیونکہ سیکڑوں ملیں بند اور لاکھوں لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب چہرے نہیں نظام بدلنے کی ضرورت ہے، جس کے لیے عید کے بعد بھرپور تحریک کی کال دی جائے گی۔