فیصل آباد پولیس مقابلہ، آٹھ مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، ساتھی فرار
فیصل آباد کے تھانہ صدر کے علاقہ میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت زین کے نام سے ہوئی ہے جو آٹھ مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ ریسکیو 15 پر اطلاع موصول ہوئی کہ دو ڈاکوؤں نے شہری سے موٹر سائیکل 125، سونے کی انگوٹھی اور نقدی چھین کر خانوآنہ کی جانب فرار ہوگئے ہیں۔
اطلاع ملنے پر انچارج چوکی مکوآنہ پولیس نفری کے ہمراہ خانوآنہ چوک پر موجود تھے جہاں مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ملزمان نے پولیس پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی اور مکوآنہ کی طرف فرار ہوگئے
بعد ازاں ایس ایچ او تھانہ صدر محمد علی بھی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے جبکہ ملزمان کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ پولیس نے حق حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔
فائرنگ رکنے پر پولیس نے ایک ملزم زین کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جو مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوا، جبکہ دوسرا ملزم اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔
پولیس نے زخمی ملزم کے قبضے سے چھینی گئی موٹر سائیکل، نقدی، سونے کی انگوٹھی اور پستول برآمد کر لیا۔ ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔