پٹرولیم مصنوعات کا فیصلہ روزانہ کی بنیاد پر ہو گا، آج قیمت بڑھنے کا امکان
(ڈیجیٹل اطلاع) حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے روزانہ کی بنیاد پر نیا طریقہ کار متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت قیمتوں کے تعین میں حکومتی کردار محدود ہو جائے گا اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (OGRA) کو زیادہ اختیارات دیے جانے کا امکان ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق مجوزہ نظام کے تحت اوگرا ہر روز رات کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرے گا، جبکہ نئی قیمتیں رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے طریقہ کار کے تحت اوگرا کو موٹر اسپرٹ (Motor Spirit)، یعنی پیٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل (High Speed Diesel)، لائٹ ڈیزل آئل (Light Diesel Oil) اور مٹی کے تیل (Kerosene Oil) کی قیمتیں روزانہ مقرر کرنے کی ذمہ داری دی جائے گی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق مجوزہ نظام میں حکومت کا قیمتوں کے حتمی تعین میں براہ راست کردار نمایاں طور پر کم ہو جائے گا اور عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں، شرح مبادلہ اور دیگر متعلقہ عوامل کی بنیاد پر قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کیا جا سکے گا۔
حکام کے مطابق اس نظام کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے عمل کو زیادہ شفاف اور مارکیٹ کے مطابق بنانا ہے، تاہم نئے طریقہ کار کی حتمی منظوری اور نفاذ سے متعلق فیصلہ حکومت کرے گی۔