وزیرآباد: مہنگائی اور معاشی مشکلات سے پریشان ایک محنت کش نے ریلوے کالونی کے قریب مبینہ طور پر خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی۔ راہگیروں نے فوری طور پر آگ بجھا کر متاثرہ شخص کی جان بچائی، تاہم وہ شدید جھلس گیا۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ شخص کی شناخت رضوان کے نام سے ہوئی ہے، جو رکشہ چلا کر اپنے خاندان کا گزر بسر کرتا ہے۔ رضوان کے مطابق بڑھتے ہوئے اخراجات، پٹرول کی قیمت اور محدود آمدن کے باعث اس کے لیے گھر کے روزمرہ اخراجات پورے کرنا مشکل ہو گئے تھے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور متاثرہ شخص کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد سول ہسپتال منتقل کیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق رضوان کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے مزید علاج کے لیے گوجرانوالہ ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ شہریوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور محدود روزگار کے باعث محنت کش طبقہ شدید معاشی مشکلات کا سامنا کر رہا ہے اور حکومت کو کم آمدنی والے افراد کے لیے مؤثر ریلیف اقدامات کرنے چاہئیں۔
پولیس اور متعلقہ اداروں کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔