فیصل آباد: منشیات فروشی کا جرم ثابت، دو مجرمان کو 10، 10 سال قید اور جرمانے کی سزائیں
فیصل آباد، 28 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع): فیصل آباد کی مقامی عدالتوں نے منشیات فروشی کے الگ الگ مقدمات میں جرم ثابت ہونے پر دو مجرمان کو 10، 10 سال قید اور جرمانے کی سزائیں سنا دی ہیں۔
ترجمان فیصل آباد پولیس کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سمندری محمد اعجاز رضا اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جڑانوالہ رانا عمران شفیع نے تھانہ ترکھانی اور تھانہ روڈالہ روڈ کے منشیات کے مقدمات کی سماعت مکمل ہونے پر مجرمان ابوبکر اور ساجد کو 10، 10 سال قید اور ایک لاکھ 25 ہزار روپے فی کس جرمانے کی سزا سنائی، جبکہ عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں مجرمان کو مزید چھ ماہ قید کاٹنا ہوگی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ مجرم ابوبکر کے قبضے سے 1150 گرام ہیروئن اور مجرم ساجد کے قبضے سے 1120 گرام ہیروئن برآمد ہوئی تھی، جن کے مقدمات کی پولیس کی جانب سے مؤثر پیروی اور تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے نتیجے میں جرم ثابت ہوا۔
سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد تنویر حسین نے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ منشیات فروش عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں اور عدالتی سزائیں قانون کی بالادستی اور انصاف کی فتح ہیں۔