فیصل آباد، 28 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع): فیصل آباد میں تھانہ وومن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھریلو تنازع پر اپنی حاملہ بھابھی کو تشدد کا نشانہ بنانے اور اس کے سر کے بال کاٹنے والی تین ملزم خواتین کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان فیصل آباد پولیس کے مطابق ملزم خواتین رومانہ، روبینہ اور ماہ نور نے گھریلو رنجش پر رشتوں کا تقدس پامال کرتے ہوئے اپنی حاملہ بھابھی پر تشدد کیا اور اس کے سر کے بال کاٹ دیے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ وومن اسماء کنول نے فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے تینوں ملزم خواتین کو گرفتار کر لیا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
اس حوالے سے سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد نے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد، ظلم اور تذلیل کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔