فیصل آباد: 5 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — سی پی او فیصل آباد تنویر حسین کی خصوصی ہدایت پر ایس پی لائل پور ڈویژن عابد ظفر نے سی پی او آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس کھلی کچہری میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اپنے ذاتی و قانونی مسائل پر مبنی درخواستیں فرداً فرداً پیش کیں۔ ایس پی لائل پور عابد ظفر نے تمام شہریوں کے مسائل غور سے سنے اور موقع پر ہی متعلقہ پولیس افسران کو ان کے فوری اور منصفانہ حل کے لیے سخت احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے کسی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام درخواستوں پر مقررہ وقت کے اندر میرٹ پر کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنے اور ہر سائل کو بلا رکاوٹ انصاف فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔