Post Main Ad Panel
Read in English کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ اور آر پی او انعام الرحمن کی مشترکہ صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس؛ پہلے مرحلے میں مکوآنہ چوک، روشن والا بائی پاس چوک اور خانوآنہ چوک کو ماڈل بنانے کا ٹاسک

کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ اور آر پی او انعام الرحمن کی مشترکہ صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس؛ پہلے مرحلے میں مکوآنہ چوک، روشن والا بائی پاس چوک اور خانوآنہ چوک کو ماڈل بنانے کا ٹاسک

21 ویوز

فیصل آباد، 26 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق دھند کے ایام میں شاہراہوں کو حادثات سے محفوظ بنانے اور مسافروں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے 89 کلومیٹر طویل فیصل آباد بائی پاس (رنگ روڈ) کا سیفٹی آڈٹ مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد نشاندہی ہونے والے امور پر فوری عملدرآمد شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ اور ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) انعام الرحمن کی مشترکہ صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن قیصر عباس رند، ایڈیشنل کمشنر ریونیو تنویر مرتضیٰ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹرز) عادل عمر، چیف ٹریفک آفیسر، ہائی ویز، ڈویلپمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران آر پی او انعام الرحمن نے ریجنل پولیس کی جانب سے کیے گئے روڈ سیفٹی آڈٹ کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے اہم تکنیکی و حفاظتی امور کی نشاندہی کی۔

کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے آر پی او کی تجاویز سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں مکوآنہ چوک، روشن والا بائی پاس چوک اور خانوآنہ چوک کو مسافروں کے لیے محفوظ اور آسان بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس، ہائی ویز، ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس سمیت دیگر متعلقہ محکموں کو 5 روز کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے فریش لین مارکنگ، اسپیڈ بریکرز، کیٹ آئیز، سائن بورڈز، درختوں اور مونومنٹس پر چمکدار ریفلیکٹرز کی تنصیب، درختوں پر سفیدی و پینٹ، سڑک کنارے پڑے ملبے اور تجاوزات کا مکمل صفایا یقینی بنانے کا ٹاسک تفویض کیا۔

کمشنر فیصل آباد اور آر پی او نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مقررہ ٹائم لائنز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے وہ خود فیلڈ وزٹ بھی کریں گے تاکہ دھند کے موسم میں قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔

Post Bottom Ad Panel