سمن آباد کالج روڈ پھاٹک پر ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سیف سٹی کا بلا تاخیر ایکشن: کیمروں کے ذریعے ای چالان جاری
فیصل آباد: 13 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع): ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے اور شاہراہوں پر نظم و ضبط قائم کرنے کے لیے ڈویژنل انتظامیہ اور ٹریفک پولیس فیصل آباد نے جدید سیف سٹی کیمروں کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں سمن آباد کالج روڈ پھاٹک پر ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں اور موٹر سائیکل سواروں کے کیمروں کے ذریعے ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سمن آباد پھاٹک کے قریب اکثر شہری جھنگ روڈ کی جانب جاتے ہوئے ٹریفک کی روانی کو متاثر کر کے ون وے کی شدید خلاف ورزی کرتے رہے ہیں۔ ماضی میں ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی جانب سے یو ٹرن بند کیے جانے کے باوجود شہریوں کی بڑی تعداد قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے خطرناک حد تک ون وے توڑتی تھی۔
خلاف ورزیوں کے مستقل سدِ باب کے لیے سیف سٹی فیصل آباد کے کیمروں کے ذریعے خودکار ای چالان سسٹم فعال کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ون وے توڑنے پر قانون شکن عناصر کو ہزاروں روپے کا جرمانہ عائد کر کے چالان کے پیغامات موبائل فون پر بھیجے جا رہے ہیں۔
ٹریفک پولیس اور ڈیجیٹل اطلاع تمام شہریوں اور ڈرائیورز سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کی خاطر ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں۔ ون وے کی خلاف ورزی سے پرہیز کریں، دورانِ ڈرائیونگ ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کا استعمال لازمی بنائیں تاکہ بھاری جرمانوں اور کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔