Post Main Ad Panel
Read in English وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت فیصل آباد آرٹس کونسل میں ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کا فیصلہ، ادبی بیٹھک کے لیے رجسٹریشن کا آغاز

وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت فیصل آباد آرٹس کونسل میں ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کا فیصلہ، ادبی بیٹھک کے لیے رجسٹریشن کا آغاز

8 ویوز

فیصل آباد: 7 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فن و ثقافت کے فروغ کے وژن کے تحت پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد ڈویژن میں ادبی، ثقافتی اور فنون لطیفہ کی سرگرمیوں کو مزید مؤثر اور منظم بنانے کے لیے مختلف اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری، سیکرٹری انفارمیشن سید طاہر رضا ہمدانی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف آرٹس محبوب عالم اور کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی زیرِ نگرانی شہر میں ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ، فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور ادبی اداروں کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔

ان اقدامات کے سلسلے میں پنجاب کونسل آف آرٹس کی 'ادبی بیٹھک' کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کے لیے ادبی تنظیموں، ادیبوں، شاعروں، دانشوروں اور ثقافتی شخصیات کی باضابطہ رجسٹریشن کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس رجسٹریشن کا مقصد فیصل آباد کی ادبی و ثقافتی برادری کو ایک منظم پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے، جہاں باقاعدگی سے مشاعرے، ادبی نشستیں، مذاکرے، کتابوں کی رونمائی، فکری و علمی گفتگو اور دیگر ثقافتی پروگرام منعقد کیے جا سکیں۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے شہر کے سینئر اور نوجوان اہل قلم کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع ملیں گے جبکہ نئی نسل کو بھی ادب اور ثقافت سے جوڑنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

دوسری جانب پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد کی عمارت کی تزئین و آرائش اور ضروری ترقیاتی کام بھی تیزی سے جاری ہیں تاکہ اس ادارے کو فنکاروں، ادیبوں، طلبہ اور عام شہریوں کے لیے ایک بہترین اور خوبصورت ثقافتی مرکز بنایا جا سکے۔ ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد محمد عمران رضا نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ آرٹس کونسل خطے کی تہذیبی اقدار کے فروغ اور فنکاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے شہر کے تمام ادیبوں، شاعروں، فنکاروں، دانشوروں اور ادبی تنظیموں کو دعوت دی ہے کہ وہ ادبی بیٹھک کی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کریں اور رجسٹریشن کا حصہ بن کر فیصل آباد کی شاندار ادبی روایت کو مزید تقویت دیں۔

 

Post Bottom Ad Panel