Post Main Ad Panel
Read in English فیصل آباد ریجن میں کھلی کچہری، آر پی او نے 270 سے زائد شہریوں کی شکایات سنیں

فیصل آباد ریجن میں کھلی کچہری، آر پی او نے 270 سے زائد شہریوں کی شکایات سنیں

15 ویوز

 

فیصل آباد، 21 اگست 2026: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت عوامی مسائل کے فوری حل اور شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے لیے فیصل آباد ریجن میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ریجنل پولیس آفس فیصل آباد میں آر پی او سہیل اختر سکھیرا کی زیرِ صدارت کھلی کچہری منعقد ہوئی، جس میں ریجن بھر سے آنے والے شہریوں نے اپنے مسائل اور شکایات پیش کی کھلی کچہری کے دوران آر پی او نے 270 سے زائد سائلین کی درخواستوں پر خود سماعت کی۔ مختلف شکایات کا جائزہ لینے کے بعد 92 سے زائد درخواستوں پر موقع پر ہی داد رسی کے احکامات جاری کیے گئے، جبکہ دیگر درخواستیں مزید انکوائری اور قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ افسران کو بھجوا دی گئیں۔

آر پی او نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ کھلی کچہری میں موصول ہونے والی تمام درخواستوں پر مقررہ مدت کے اندر قانون کے مطابق کارروائی مکمل کی جائے اور درخواست گزاروں کو پیش رفت سے گاہ رکھا جائے۔ سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ شہریوں کو فوری، شفاف اور بلاامتیاز انصاف فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ کمزور اور مظلوم افراد کو بروقت انصاف فراہم کرنے میں کسی قسم کی غفلت
برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے، شکایات کو سنجیدگی سے سننے اور مقدمات کے اندراج میں بلاجواز تاخیر سے گریز کی ہدایت کی۔


آر پی او نے مزید کہا کہ تمام مقدمات کی تفتیش میرٹ، شفافیت اور قانون کے مطابق کی جائے اور کسی بھی مقدمے میں اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لایا جائے۔ کسی بے گناہ کو قانون کی گرفت میں نہیں آنا چاہیے۔سہیل اختر سکھیرا کے مطابق کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کو فوری انصاف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پولیس اور شہریوں کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنانا بھی ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق فیصل آباد ریجن میں عوامی مسائل کے فوری حل، شفاف تفتیش اور شہریوں کو بلاامتیاز انصاف کی فراہمی کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا

Post Bottom Ad Panel