کرائم
کینال روڈ اور ایکسپریس وے پر ون ویلنگ کرنے والے گروہ کا ایک رکن گرفتار، دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری
1
ویوز
فیصل آباد، 28 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع): سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد نے کینال روڈ اور ایکسپریس وے پر ون ویلنگ اور خطرناک موٹر سائیکلنگ کرنے والے گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک رکن کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ گروہ کے دیگر مفرور ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم دیگر ساتھیوں کے ہمراہ دوسرے شہروں سے ون ویلرز کو فیصل آباد بلا کر کینال روڈ اور ایکسپریس وے پر خطرناک کرتب دکھانے اور ون ویلنگ کی سرگرمیوں میں ملوث تھا، جس سے نہ صرف ان کی اپنی بلکہ دیگر شہریوں کی جانوں کو بھی شدید خطرات لاحق تھے۔
ٹریفک پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ جان لیوا ون ویلنگ کے اس خطرناک کھیل میں ملوث نوجوانوں اور گروہ کے دیگر اراکین کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن اور تحرک جاری ہے اور قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔