فیصل آباد: 25 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): پولیس کو کار چوری کی جھوٹی اطلاع دے کر شہری کو فرضی مقدمے میں پھنسانے کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم عظیم بیگ نے ریسکیو 15 پر کال کر کے اطلاع دی تھی کہ سنت سنگھ پھاٹک کے قریب سے اس کی کار چوری ہو گئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ منصورہ آباد پولیس فوری موقع پر پہنچی، تاہم ابتدائی تفتیش اور تصدیق پر معلوم ہوا کہ کار چوری کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق کالر عظیم بیگ کا علی رضا نامی شخص کے ساتھ مالی لین دین کا تنازع تھا، جس کے خلاف انتقامی کارروائی کروانے کی غرض سے اس نے 15 پر چوری کی بوگس کال کی تھی۔ تھانہ منصورہ آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بوگس کال کرنے والے ملزم عظیم بیگ کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
سی پی او فیصل آباد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایمرجنسی 15 سروس کا غلط استعمال کرنے اور پولیس کو جھوٹی اطلاع دینے والے عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔