Post Main Ad Panel
Read in English رات کو فوڈ ڈیلیوری اور دن میں ’گوتھم سٹی‘ کا خفیہ نیٹ ورک: عالمی اداروں کو مطلوب نوجوان کیسے پکڑا گیا؟

رات کو فوڈ ڈیلیوری اور دن میں ’گوتھم سٹی‘ کا خفیہ نیٹ ورک: عالمی اداروں کو مطلوب نوجوان کیسے پکڑا گیا؟

84 ویوز

رات کی تاریکی میں موٹر سائیکل پر لوگوں کے گھروں تک کھانا پہنچانے والا ایک عام سا نوجوان، لیکن ڈیجیٹل دنیا کے خفیہ تہہ خانوں میں وہ ایک ایسا کردار تھا جس کا سراغ عالمی ادارے گزشتہ تین برس سے لگا رہے تھے۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ایک بین الاقوامی ایجنسی کی خفیہ اطلاع پر محض چند گھنٹوں کی تکنیکی کارروائی کے بعد کراچی کی منظور کالونی کے عقبی علاقے سے اس نوجوان کو حراست میں لے لیا ہے، جس پر ڈارک ویب اور ٹیلی گرام کے ذریعے حساس ذاتی ڈیٹا کی خرید و فروخت کا الزام ہے۔

آن لائن جوئے کی لت اور ڈارک ویب کا راستہ

تفتیشی حکام کے مطابق بظاہر ایک معمولی فوڈ ڈیلیوری رائیڈر کی زندگی گزارنے والا یہ نوجوان درحقیقت آن لائن جوئے کی شدید لت میں مبتلا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ جوئے کے لیے رقم اکٹھی کرنے کی خواہش نے اسے سائبر جرائم کی دنیا میں دھکیل دیا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم ڈارک ویب تک رسائی حاصل کر کے اور ٹیلی گرام کے مختلف خفیہ چینلز کے ذریعے اوپن سورس اور لیک شدہ ڈیٹا اکٹھا کرتا تھا، جسے بعد ازاں وہ کرپٹو کرنسی کے عوض فروخت کر دیتا تھا۔

ایف بی آئی ڈیٹا سے خفیہ اہلکاروں کی معلومات تک

تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم کے مبینہ اعترافی بیان میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ انٹرنیٹ پر ’ڈی پی بلیو‘ اور ’گوتھم سٹی‘ جیسی فرضی شناختیں استعمال کرتا تھا۔ ان پلیٹ فارمز پر امریکی شہریوں کے ذاتی کوائف، جن میں نام، فون نمبر، پتے اور زپ کوڈز شامل تھے، سمیت مبینہ طور پر امریکی تحقیقاتی ادارے ’ایف بی آئی‘ (FBI) سے متعلق ڈیٹا کی خرید و فروخت بھی کی جاتی تھی۔

حکام کا دعویٰ ہے کہ تفتیش کے دوران یہ پہلو بھی سامنے آیا ہے کہ ملزم مبینہ طور پر مختلف ممالک کے خفیہ اداروں کے اہلکاروں کی اصل شناخت اور ذاتی معلومات فروخت کرنے میں بھی ملوث تھا، جس کے باعث بعض غیر ملکی ایجنسیاں بھی طویل عرصے سے اس کی تلاش میں تھیں۔

’بیٹ مین‘ کا جنون اور ’ڈی پی وینس‘ کی شناخت

اس کارروائی کے دوران تفتیش کاروں کو ملزم کی ذاتی زندگی اور نفسیات سے جڑا ایک غیر معمولی پہلو بھی دیکھنے کو ملا۔ حکام کے مطابق ملزم ہالی ووڈ کی مشہور فلم ’بیٹ مین‘ کے کرداروں سے اس قدر متاثر تھا کہ اس نے اپنی ڈیجیٹل دنیا بھی اسی کے گرد بُن رکھی تھی۔

مرکزی کردار ’بروس وین‘ سے متاثر ہو کر اس نے اپنا خفیہ نام ’ڈی پی وینس‘ رکھا، ٹیلی گرام چینلز کو فلم کے فرضی شہر ’گوتھم‘ کا نام دیا اور اپنے جسم پر بھی بیٹ مین اور اس سے جڑے کرداروں کے ٹیٹو بنوا رکھے تھے۔

این سی سی آئی اے نے ملزم کے موبائل فونز، لیپ ٹاپ اور دیگر ڈیجیٹل آلات کو قبضے میں لے کر فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیا ہے تاکہ کرپٹو کرنسی کے لین دین اور اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر عالمی و مقامی رابطوں کا تعین کیا جا سکے۔

Post Bottom Ad Panel