فیصل آباد: ایف آئی اے فیصل آباد زون نے پاسپورٹ آفس فیصل آباد کے باہر شہریوں سے مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر اضافی رقم وصول کرنے والے ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کر لیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد زون ثاقب سلطان اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے طارق محمود کی ہدایات پر ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد کی ٹیم نے ایس آئی/ایس ایچ او اجمل حسین کی سربراہی میں کارروائی کی۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے پاسپورٹ درخواست فارم اور دیگر متعلقہ دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔ ایک ملزم کے موبائل فون سے پاسپورٹ کے حصول اور شہریوں سے مالی لین دین سے متعلق وائس نوٹس اور ٹیکسٹ پیغامات بھی برآمد کیے گئے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر پاسپورٹ آفس کے باہر شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول میں سہولت اور ترجیحی سروس فراہم کرنے کے نام پر سرکاری مقررہ فیس سے زائد رقم وصول کر رہے تھے۔
ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف FIR No. 40/26 کے تحت تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 109، 165-A، 419 اور 420 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ایف آئی اے حکام نے واضح کیا ہے کہ شہریوں سے غیر قانونی فیس وصول کرنے، فراڈ، جعل سازی یا پاسپورٹ کے حصول کے نام پر شہریوں کے استحصال میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔