Post Main Ad Panel
Read in English

پولیس کے مبینہ ناروا رویے کے خلاف فیصل آباد بار کا احتجاج کا اعلان

43 ویوز

پنجاب بار کونسل کے ممبر چوہدری امتیاز احمد لونا ایڈووکیٹ کے بیٹوں کو مبینہ طور پر ہراساں اور اغوا کرنے کی کوشش کے واقعے کے خلاف فیصل آباد کے وکلاء نے 17 اگست کو مکمل دن ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

وکلاء کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 14 اگست کی شب ہوٹل میں ریفریشمنٹ کے دوران تھانہ مدینہ ٹاؤن کے سب انسپکٹرز طیب اور رضوان نے چوہدری امتیاز احمد لونا ایڈووکیٹ کے بیٹوں کو مبینہ طور پر ہراساں و پریشان کیا اور انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی۔

وکلاء نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب، آر پی او فیصل آباد اور سی پی او فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ سب انسپکٹرز اور ایس ایچ او مدینہ ٹاؤن عدیل اکرم چیمہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

بیان میں ایس پی مدینہ ٹاؤن اظہر جاوید کے مبینہ غیر ذمہ دارانہ رویے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے فوری تبادلے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

وکلاء کے مطابق پولیس کے مبینہ غیر قانونی اور غیر مہذب رویے اور شہریوں کو ہراساں کیے جانے کے خلاف 17 اگست 2026، بروز پیر، فیصل آباد کے وکلاء مکمل دن احتجاجی ہڑتال کریں گے اور عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔

دوسری جانب پولیس کا مؤقف ہے کہ ہلڑ بازی اور روڈ بلاک کرنے پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران پولیس اور وہاں موجود افراد کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ پولیس کے مطابق صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے مزید نفری بھی طلب کی گئی تھی۔

واقعے کے حوالے سے وکلاء اور پولیس کے مؤقف میں اختلاف پایا جاتا ہے، جبکہ مزید قانونی و محکمانہ کارروائی کے بارے میں متعلقہ حکام کے فیصلے کا انتظار ہے۔

Post Bottom Ad Panel