پیٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز کے مارجن میں 1 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دے دی گئی۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا، جس میں پیٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز کے مارجن میں 1 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دے دی گئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر غور کیا گیا اور موٹر اسپرٹ (ایم ایس) اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) پر ڈیلرز کے مارجن میں نظرثانی کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ ای سی سی کی منظوری کے بعد پیٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز کا مارجن 8 روپے 64 پیسے سے بڑھ کر 9 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔
وائس چیئرمین آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نعمان علی بٹ نے ڈیلرز مارجن میں اضافے کی تصدیق کرتے ہوئے وزیراعظم اور وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کا شکریہ ادا کیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ سمیت متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کے وفاقی سیکریٹریز اور سینئر حکام نے شرکت کی۔