Post Main Ad Panel
Read in English ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کا کنال روڈ ری ماڈلنگ منصوبے کے تحت زیرِ تعمیر پل کا دورہ؛ تعمیراتی کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ

ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کا کنال روڈ ری ماڈلنگ منصوبے کے تحت زیرِ تعمیر پل کا دورہ؛ تعمیراتی کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ

31 ویوز

فیصل آباد، 26 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع): ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق نے کنال روڈ کی ری ماڈلنگ کے منصوبے کے تحت زیرِ تعمیر پل کا معائنہ کر کے تعمیراتی کام کی پیشرفت، معیار اور رفتار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) مہر ایوب نے انہیں منصوبے کے تکنیکی پہلوؤں، جاری تعمیراتی سرگرمیوں اور پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نوید اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ ایف ڈی اے عمر اقبال اور دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے۔

بریفنگ کے دوران چیف انجینئر مہر ایوب نے بتایا کہ نہر پر 100×85 فٹ سائز کے نئے پل کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے، جس کی ابتدائی تیاری مکمل کر لی گئی ہے اور تعمیراتی مراحل کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جس میں کنال روڈ کی ری ماڈلنگ خصوصی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریٹ بیکری کے قریب موجود پل پر اکثر ٹریفک بلاک ہونے کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات کے مستقل حل کے لیے نیا پل تعمیر کیا جا رہا ہے، اور اس کی تکمیل کے بعد پرانے پلوں کو ٹریفک کے لیے بند کر کے ٹریفک کو نئے پل کے ذریعے گزارا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے جاری تعمیراتی کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کو تین ماہ میں مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ شہریوں کو جلد از جلد اس کے ثمرات میسر آ سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعمیراتی مراحل کے دوران شہریوں کی سہولت اور حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے مؤثر ٹریفک مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد کیا جائے اور تعمیراتی مقام پر مناسب رہنمائی اور متبادل راستوں کی نشاندہی یقینی بنائی جائے تاکہ آمدورفت میں کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔

Post Bottom Ad Panel