ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس، گھنٹہ گھر کے تاریخی بازاروں میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ اور نئے مونومنٹس کی منظوری
فیصل آباد 30 ستمبر (ڈیجیٹل اطلاع) — ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت گھنٹہ گھر کے اردگرد کے تاریخی بازاروں میں جاری ترقیاتی کاموں اور بیوٹیفکیشن منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی اورنگزیب گورایہ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عثمان غنی، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، نیسپاک اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران امین پور بازار اور جھنگ بازار میں جاری بیوٹیفکیشن کے کاموں کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ کیے بغیر ان کی رفتار کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں، تاجروں اور راہگیروں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔
اس کے علاوہ اجلاس میں امین پور بازار اور جھنگ بازار میں نئے مونومنٹس کی تنصیب کی باضابطہ منظوری دی گئی، جبکہ کارخانہ بازار کے لیے مجوزہ بیوٹیفکیشن اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فیصل آباد کی اصل شناخت گھنٹہ گھر اور اس کے تاریخی بازاروں سے وابستہ ہے، اس لیے تزئین و آرائش کے دوران پائیداری، خوبصورتی اور عوام کی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے۔