سی پی او فیصل آباد تنویر حسین کی دفتر میں کھلی کچہری: شہریوں کی درخواستوں پر داد رسی، مقررہ وقت کے اندر میرٹ پر حل کے احکامات
فیصل آباد: 13 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): عوامی مسائل کی موقع پر ہی شنوائی اور بلامعاوضہ و بلا تاخیر انصاف کی فراہمی کے لیے سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد تنویر حسین نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں شہریوں اور سائلیان کی بڑی تعداد نے اپنے درپیش مسائل اور پولیس سے متعلق درخواستیں پیش کیں۔
سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے کھلی کچہری میں آئے تمام شہریوں کے مسائل اور شکایات کو فرداً فرداً تفصیلاً سنا اور ان کے تدارک کے لیے متعلقہ شعبہ جات اور ایس ڈی پی اوز کو فوری اور حسبِ ضابطہ قانونی احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر سی پی او تنویر حسین نے افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے کسی بھی قسم کی غفلت، لاپرواہی یا غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تاکید کی کہ تمام موصول شدہ درخواستوں پر مقررہ ٹائم فریم کے اندر سو فیصد میرٹ پر کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا بنیادی مقصد شہریوں اور پولیس کے درمیان فاصلے ختم کر کے ہر شہری کو بلا رکاوٹ اور شفاف انداز میں انصاف فراہم کرنا ہے۔