Post Main Ad Panel
Read in English چک جھمرہ میں نہری پانی کے تنازع پر خون کی ہولی: فائرنگ سے باپ بیٹا جاں بحق، سی پی او فیصل آباد کا نوٹس، ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری

چک جھمرہ میں نہری پانی کے تنازع پر خون کی ہولی: فائرنگ سے باپ بیٹا جاں بحق، سی پی او فیصل آباد کا نوٹس، ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری

15 ویوز

فیصل آباد: 8 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): تھانہ چک جھمرہ کی حدود میں واقع چک 186 گ ب ڈوگرانوالہ میں نہری پانی کے تنازع پر پیش آنے والے لرزہ خیز دوہرے قتل کے واقعے کا سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے سخت نوٹس لے لیا ہے، جبکہ پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان جہانزیب اور عامر وغیرہ نے معمولی نہری پانی کے تنازع پر فائرنگ کر کے عظمت اللہ اور اس کے بیٹے فہد (عصمت اللہ) کو موقع پر ہی نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دونوں باپ بیٹا شدید زخمی ہو کر دم توڑ گئے، جبکہ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور پنجاب فارنزیک سائنس ایجنسی (PFSA) کی ماہر ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ پی ایف ایس اے کی ٹیموں نے موقع سے تمام اہم شواہد کو محفوظ کر لیا ہے، جبکہ پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔

سی پی او فیصل آباد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی مدینہ ٹاؤن سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے اور مفرور ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کو یقینی بنانے کے لیے ایس پی مدینہ ٹاؤن کی سربراہی میں خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Post Bottom Ad Panel